اوکاڑہ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار ملک ظفر ) مویشی پال افراد کے لیے بلا سود قرضوں کا منفرد منصوبہ، لائیو سٹاک کارڈز کی تقسیم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت مویشی پال افراد کی مالی معاونت کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا منفرد اقدام کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمد حق نواز نے مویشی پال افراد میں لائیو سٹاک کارڈز تقسیم کیے۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈز کا یہ منصوبہ گوشت کی اضافی پیداوار میں معاونت اور مویشی پال جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگا۔ خودکار نظام پر مبنی یہ منصوبہ شفافیت کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے، جو اپنی نوعیت کا بے مثال اقدام ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمد حق نواز نے بتایا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ضلع بھر کے 129 مویشی پال افراد کو لائیو سٹاک کارڈز دیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت فی جانور 27 ہزار روپے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایک مویشی پال زیادہ سے زیادہ 10 جانور رکھ سکتا ہے اور اس کے مطابق 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک قرض حاصل کر سکتا ہے۔
قرض کی یہ رقم مویشی پال افراد 4 ماہ تک استعمال کر سکتے ہیں اور خوراک خریدنے کے لیے رجسٹرڈ ٹریڈرز سے استفادہ کریں گے۔ قرض کی واپسی کا عمل 1 ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا۔ اس اقدام کو عوامی اور کسان حلقوں نے سراہتے ہوئے اسے دیہی معیشت کی ترقی اور مویشی پال حضرات کے لیے معاون قرار دیا ہے۔