اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، آرمی افسران سمیت وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی جن میں شامل تھے:
×ٹریفکنگ اور قانون نافذ کرنے کے اقدامات
×انسدادِ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی
×غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیاں
×بجلی چوری کے خلاف آپریشن
×بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن
×ٹریفک قوانین پر عمل درآمد
×مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیش رفت
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق قانون کے نفاذ، عوامی سہولیات، اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق عوام میں مؤثر آگاہی پیدا کی جائے، جبکہ شہر کی خوبصورتی کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر میں موجود تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں اور پیرا فورس کے جوان اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ قانون کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اس لیے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی خدمت اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے۔








