اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک علی عباس کھوکھر، نورالامین ناصر، غلام رضا بیرا، چوہدری افتخار حسین چچھر، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت سمیت ضلعی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی ستھرائی اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے آؤٹ سورسنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے پروکیورمنٹ مینجر رضوان احمد نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں صفائی، عارضی ڈمپنگ پوائنٹس، کچرا کلیکشن، رقوم کی ادائیگی اور ملازمین کی حاضری کے نظام پر کام تیزی سے جاری ہے اور جلد کمپنی باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کرے گی۔

اراکین اسمبلی نے کمپنی کے ورکنگ پلان کی فیزیبلٹی کے حوالے سے اگلے اجلاس میں مکمل تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم ایک بے مثال منصوبہ ہے، جس کے تحت ضلع بھر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اعلان کیا کہ تحصیل سطح پر عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: