اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل الیکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی و وفاقی محکموں کے نمائندوں، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مفادِ عامہ سے متعلق متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور گداگری کے خاتمے کے حوالے سے حکام کو ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مقامات کی بحالی کی بھی ہدایات دی۔

اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے، تعلیمی اداروں میں اخلاقی و سماجی رویوں کے فروغ کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھنے اور گداگری کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان سخت ایکشن لینے کے اقدامات پر زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے عوامی فلاح، نظم و ضبط اور سماجی بہتری کے لیے تمام اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔

Shares: