اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل سیشن جج عشرت عباس کی عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں ملوث ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 20 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ ستگھرہ پولیس نے جون 2024 میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 10 ون آر کے قریب سے ایک بڑے ڈرگ ڈیلر ناصر علی ولد اللہ بخش کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے 5 کلو 260 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف فوری طور پر تھانہ ستگھرہ میں مقدمہ نمبر 359/24 درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا۔
دورانِ سماعت پولیس کی لیگل ٹیم نے عدالت میں ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوت پیش کیے، جس پر استغاثہ نے ملزم کے خلاف مقدمے کا بھرپور دفاع کیا۔ عدالت نے ملزم کو بھی اپنے دفاع کا پورا حق فراہم کیا، تاہم استغاثہ کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اور گواہیوں کی روشنی میں جرم مکمل طور پر ثابت ہونے کی بناء پر فاضل جج نے ملزم ناصر علی کو 20 سال قید بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید قید بھگتنا ہوگی۔
ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے منشیات فروش کو کیفرِ کردار تک پہنچانے پر لیگل ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور انہیں بہترین تفتیش و پیروی پر شاباش دی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ضلع بھر میں منشیات کے زہر کو پھیلانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور پولیس ایسے جرائم پیشہ افراد کو عدالتوں سے سخت سزائیں دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔









