اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ این اے 136 کے معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی تعلیم کے فروغ سے مشروط ہے اور ہر بچے کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے طلبہ میں مفت کتابیں اور کاپیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور مقامی معززین بھی موجود تھے۔

ملک خالد یعقوب نے کہا کہ وہ اپنے قائد چوہدری ریاض الحق جج کے تعلیمی ویژن "تعلیم سب کے لیے” کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت، جہالت اور معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ صرف تعلیم کے ذریعے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی اپنی تمام تر توانائیاں بچوں کے روشن مستقبل کے لیے وقف کرتے رہیں گے تاکہ کوئی بچہ صرف مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

اس موقع پر بچوں میں کتابیں تقسیم کی گئیں اور طلبہ کی خوشی نے اس تعلیمی خدمت کو ایک روشن مثال بنا دیا۔

Shares: