اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان کراس فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک ڈاکو موقع سے فرار ہوگیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق، سی سی ڈی ٹیم اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیا رام پل پر موجود تھی کہ اسی دوران لکڑانوالہ کی جانب سے تین موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد نمودار ہوئے۔

سی سی ڈی ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ موٹر سائیکل تیزی سے موڑتے ہوئے پھسل گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو کر زمین پر گر پڑا، جسے فوراً گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت محمد ارشد عرف صدی، سکنہ لکڑانوالہ کے نام سے ہوئی ہے۔

سی سی ڈی ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے دوسرے ساتھی کو بھی تعاقب کر کے گرفتار کر لیا، جس کی شناخت احمد شہزاد، سکنہ 56 ڈی پاکپتن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے، جو بعد ازاں چیکنگ پر چوری شدہ نکلا۔

فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کی تلاش کے لیے سی سی ڈی اور مقامی پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ سی سی ڈی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Shares: