اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد سے جان لیوا ٹریفک حادثات سے بچاؤ ممکن ہے اور ان سے واقفیت کے لیے عوام الناس کو تمام احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی جائے۔

اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، ٹریفک پولیس، ہائی وے پولیس اور ریسکیو 1122 کے حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے ماہانہ روڈ ایکسیڈنٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مختلف روڈز جہاں پر کٹس، سپیڈ بریکرز، یو ٹرنز بنانے کی ضرورت ہو، اس بارے میں چیکنگ کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ان کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ رسپانس ٹائم کی مکمل پابندی کرتے ہوئے حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد مہیا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی فٹڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور عید کے ایام میں روڈز پر ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے لیے سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں۔

Shares: