اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مون سون بارشوں کے دوران بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں نالیوں کی صفائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں میں سینٹری ورکرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام نالیاں مکمل طور پر صاف اور فعال رکھی جائیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے 1/4 ایل کے واٹر ڈسپوزل اسٹیشن کی مشینری اور سٹاف کی حاضری کا بھی جائزہ لیا اور واضح احکامات جاری کیے کہ بارشوں کے دوران ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینیں مسلسل فعال رہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل سٹیشنز میں جنریٹرز کے لیے وافر مقدار میں ڈیزل دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشینری بند نہ ہو۔

رب نواز نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران صفائی اور پانی کے نکاس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور واٹر ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر فنکشنل حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے تحصیل روڈ اور فیصل آباد روڈ پر بھی صفائی اور پانی کے انخلاء کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں۔

Shares: