اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے 45 اہلکار 6 مختلف ریسکیو پوسٹوں پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور اب تک 468 سیلاب متاثرین کو بحفاظت منتقل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، 29 مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں سے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور گہرے پانی میں نہ جانے کی اپیل کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم اے (PDMA) کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں اور اپنی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی بھی درخواست کی۔