اوکاڑہ باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد زیشان حنیف نے کہا کہ ضلع میں متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں انتظامات کو مکمل کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے احسن انداز میں نمٹا جا سکے۔ دریائے ستلج اور دریائے راوی کے بیڈ میں عارضی قیا م گاہوں رہائش پذیر لوگوں کے انخلا کو مکمل کر نے کے لیے متعلقہ افسران فوری اقدامات کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے ستلج اور دریائے راوی کے منتخب مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ اور میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت، محکمہ ریونیو پولیس، سول ڈیفینس، ریسکیو1122کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ جبکہ رینجرز اور حساس اداروں کی جانب سے سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے پلان تیار کر لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت دریائے راوی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔ جبکہ دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریا میں 67ہزار 740کیوسک پانی بہہ رہا ہے۔ جبکہ سلیمان کی ہیڈ ورکس پر پانی 31ہزار 69کیوسک ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد زیشان حنیف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریائے ستلج اور دریائے راوی میں نگرانی کا عمل جاری رکھیں اور تمام متعلقہ ادارے اس سلسلہ میں اقدامات کریں۔