اوکاڑہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر) گیمبر اوکاڑہ کینٹ کے سول ایریا میں پاک فوج اور ایئر فورس کے شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور بھارتی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت کنٹونمنٹ بورڈ اوکاڑہ کینٹ کے وائس پریذیڈنٹ چوہدری عمیر خادم نے کی۔
ریلی میں مختلف سیاسی، سماجی، دینی، صحافتی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شریک افراد میں ممبر کینٹ بورڈ شہزاد شفیع محمد، سابق وائس پریذیڈنٹ چوہدری اختر حمید، مرزا ماجد بیگ، مرزا مسعود بیگ، مرزا کامران بیگ، ملک کاظم نیاز جھکڑ، چوہدری اطہر اقبال، راجہ شفقت محمود، محمد فاطر علی اور دیگر معززین شامل تھے۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کی تصاویر آویزاں تھیں۔ بینرز پر "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان پائندہ باد” اور "دشمن کو گھر میں گھس کر مارا” جیسے فلک شگاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے دوران شرکاء نے چیک پوسٹ پر موجود فوجی جوانوں کو سیلوٹ پیش کیے اور ان کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی کے مظاہرے کے طور پر مٹھائی تقسیم کی گئی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عمیر خادم نے کہا کہ پاک فوج اور ہماری ایئر فورس کے جانباز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہماری افواج نے دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر شکست دی، جس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔
یہ ریلی نہ صرف دشمن کو واضح پیغام تھی بلکہ پاک افواج کے حوصلے بلند کرنے اور قوم کی یکجہتی کا عملی مظاہرہ بھی ثابت ہوئی۔








