اوکاڑہٰ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد ضلع اوکاڑہ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور دیگر افسران کے ہمراہ دریائے راوی کے علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

موضع جندراکہ کے مقام پر پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ انہار کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 29 ہزار کیوسک سے زائد جبکہ ہیڈ بلوکی پر 80 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
علاقے خالی کرانے کے احکامات: ڈپٹی کمشنر نے دریا سے ملحقہ تمام علاقوں کو فوری طور پر خالی کروانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

عوام اور مال کا تحفظ:
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام اور ان کے مال کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں متحرک:
ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو متحرک انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

Shares: