اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) جعلی پیر کی خنجر کے زور پر خاتون سے زیادتی، ملزم گرفتار

اوکاڑہ میں ایک جعلی پیر کے ہاتھوں خاتون کی مبینہ زیادتی کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے گھریلو تنازعے اور شوہر سے ناراضگی کے باعث تسلی و دم درود کے لیے جعلی پیر کے پاس گئی تھی۔ تاہم جعلی پیر نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو خنجر دکھا کر دھمکایا اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واقعہ اوکاڑہ کے قصبہ 53 ٹوایل میں پیش آیا، جہاں سے پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر میں ملزم کے خلاف زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے اور اسے طبی معائنے کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جعلی پیروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ جعلی پیروں کے ہاتھوں خواتین کی عزتیں لوٹنے اور دھوکہ دینے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے سدباب کے لیے حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ اس طرح کی دیگر کتنی وارداتوں میں ملوث رہاہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جعلی پیروں اور عاملوں کے دھوکے سے بچنے کے لیے احتیاط برتیں اور ایسے معاملات کو فوری طور پر متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائیں۔

Shares: