اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس اوکاڑہ کے زیر اہتمام "چیف منسٹر پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام” کے تحت ضلع کونسل ہال میں صحافیوں اور کالم نگاروں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ عمر طیب نے کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید سلمان حسین مہمانِ خصوصی تھے۔
سیشن میں صحافت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کے علاوہ محکمہ بہبود آبادی کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کے کردار پر زور دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر محمد بخش نے ضلع کے آبادیاتی اعداد و شمار اور محکمہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر مہک سلیم نے محکمہ کی فراہم کردہ خدمات کی تفصیلات بیان کیں۔
سیشن کے میزبان چوہدری عاصم ہدایت نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اور میڈیا کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملکی وسائل پر دباؤ ڈال رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات پر ہو رہا ہے۔ انہوں نے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی آگاہی کو ناگزیر قرار دیا۔
سیشن کے شرکاء نے محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ تعاون کا عزم کرتے ہوئے آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے اپنے پلیٹ فارمز کے استعمال کی یقین دہانی کروائی۔