اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے عید الفطر کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ انہوں نے پرائیویٹ اڈا جات اور جی ٹی روڈ پر متعدد گاڑیوں کی چیکنگ کی اور اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد کیے۔
سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے اس موقع پر کہا کہ عید الفطر کے پیش نظر اپنے گھروں کو جانے والے مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں میں کرایوں کی اوور چارجنگ اور مسافروں کی اوور لوڈنگ سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کریں۔