اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے اوکاڑہ کی صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور بہتری کے لیے نوٹسز جاری کیے۔
معائنے کے دوران کرمانوالہ رائس مل، اقبال رائس مل اور قمر فلور مل میں آگ بجھانے والے آلات، فائر الارم سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ راستے، فائر بالز، ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کی موجودگی اور فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔
سول ڈیفنس آفیسر نے صنعتی یونٹس کے مالکان اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی پلان کو بہتر بنایا جائے، آلات کو فعال رکھا جائے اور ملازمین کی باقاعدہ ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی لازمی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، سول ڈیفنس کے ٹیکنیکل سٹاف نے صنعتی یونٹس کے عملے کو فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی۔ سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








