اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر )سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی خصوصی زیر نگرانی یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اوکاڑہ کیمپس میں فائر سیفٹی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار اور موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے میں کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔ سیمینار کے دوران سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے شرکاء کو آگ لگنے کی مختلف وجوہات، ابتدائی حفاظتی تدابیر، آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹی نشرز) کے درست استعمال اور عمارت سے ہنگامی انخلا کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی حالات میں حواس باختہ ہونے کے بجائے پرسکون رہ کر فوری ردعمل دینا ہی قیمتی جانوں اور املاک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔
تربیتی سیشن کے دوسرے مرحلے میں باقاعدہ موک ایکسرسائز کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبہ اور یونیورسٹی اسٹاف نے فائر الارم بجنے پر محفوظ راستوں سے انخلا اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کے عملی مظاہرے پیش کیے۔ اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مشترکہ فرضی مشقیں بھی کی گئیں تاکہ یونیورسٹی کے حفاظتی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جا سکے۔ تقریب کے شرکاء نے سول ڈیفنس کے اس اقدام کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ نوجوان نسل کسی بھی حادثے کی صورت میں فرسٹ ایڈ اور حفاظتی اقدامات سے مکمل طور پر باخبر ہو۔








