اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) معروف فائر فائٹر رانا نعمان نے کہا ہے کہ فائر فائٹنگ کی تربیت ہر نوجوان کے لیے نہایت ضروری ہے تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں آگ لگنے کے واقعات میں قیمتی جانوں اور املاک کا ضیاع اکثر اس لیے ہوتا ہے کیونکہ عام افراد کو ابتدائی فائر سیفٹی کا علم نہیں ہوتا۔

رانا نعمان نے زور دیا کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اگر انہیں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ریسپانس کی عملی تربیت دی جائے تو وہ نہ صرف اپنی حفاظت کر سکتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانیں بچانے میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر فائٹنگ صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک قومی خدمت ہے، جسے جذبۂ انسانیت کے تحت اپنانا چاہیے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام تعلیمی اداروں میں فائر سیفٹی کی بنیادی تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور ہر ضلع میں جدید فائر ٹریننگ سنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو عملی مہارتیں سکھائی جا سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہر گھر میں کم از کم ایک فرد کو آگ بجھانے کے ابتدائی اصولوں کی تربیت حاصل ہو، تو کسی بھی ناگہانی حادثے کے نقصانات کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

رانا نعمان نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فائر فائٹنگ کو بطور جذبہ، ذمہ داری اور قومی خدمت کے طور پر اپنائیں، تاکہ ہم ایک محفوظ اور باشعور معاشرہ تشکیل دے سکیں۔

Shares: