اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) مشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارتی جنگی عزائم کو ناکام بنانے پر قوم کی جانب سے اظہار تشکر کے طور پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب اور اظہارِ یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، ایم پی اے غلام رضا ربیرہ، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، قومی ترانہ بجایا گیا، اور ریلی میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر عاشق کرمانی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ایم پی اے غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مشن بنیان مرصوص نے بھارتی ایر ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنا کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ سرکاری سطح پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے اور تعلیمی و مذہبی اداروں میں خصوصی دعائیں ہوں گی۔








