اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ضلع اوکاڑہ میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 5 سال سے کم عمر 6 لاکھ 52 ہزار 255 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ایم ایس ڈی ایچ کیو محمد ثاقب وٹو سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم 15 سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کی کامیابی کیلئے ضلع بھر میں 2564 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 141 فکسڈ ٹیمیں ویکسینیشن کے فرائض انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر 66 ٹرانزٹ پوائنٹس کو فعال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں مہم کی خود نگرانی کریں گے، جبکہ فیلڈ اسٹاف کو دورانِ مہم ہر قسم کی لاجسٹکس اور مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر آنے جانے والے بچوں کی چیکنگ یقینی بنائی جائے اور انسدادِ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کیلئے ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے، والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ فرنٹ لائن ورکرز کی محنت اور عوام کے تعاون سے ہی پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ بچوں کی صحت اور حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








