اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) فارن سٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (FSC Pakistan) کی لیگل کمیٹی کا ایک اہم اجلاس چیئرمین راؤ شہزاد کی زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈوکیٹ ملک حسن، ایڈوکیٹ رانا کاشف، ایڈوکیٹ واجد باوا، ایڈوکیٹ رانا فراز، باسط قادری، حافظ زبیر، منصور حسن، علی حسنین اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں بیرون ملک تعلیم کے لیے جانے والے طلبہ کو درپیش مسائل، بالخصوص ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے حوالے سے مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین راؤ شہزاد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے لیے سہولت کاؤنٹر قائم کیے جائیں اور بغیر کسی وجہ کے انہیں آف لوڈ کرنے کی روایت کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بغیر کسی وجہ کے ہوائی اڈوں پر روکنا اور انہیں ذہنی دباؤ کا شکار کرنا قابل مذمت ہے۔

چیئرمین نے ایجوکیشن کنسلٹنٹس کو بھی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹس کو ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کرنا چاہیے اور مارکیٹ میں ویزا فراڈ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنی چاہیے۔ اجلاس کے آخر میں، ڈاکٹر عمر خالد نے پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی اور 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر افواج پاکستان کے کردار کو سراہا۔

Shares: