اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے بنگلہ گوگیرہ کی بستی ریاض احمد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ 6 سالہ ارم اور 7 سالہ مہوش شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تینوں بچیاں کمرے میں بیٹھ کر سپارہ پڑھ رہی تھیں۔ اچانک موسلا دھار بارش کے دوران کمزور چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نیچے آ کر بچیاں ملبے میں دب گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا۔ زخمی بچیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق بچی کی نعش بھی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہسپتال بھجوا دی گئی۔ واقعے پر علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا ہے۔