اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیکل کالج اوکاڑہ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ذیشان شبیر رانا، رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد منیر، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر اختر ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ متعلقہ حکام نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے تمام صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ لیہ سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے میڈیکل کالجز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ اور شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات پر عمل جاری ہے۔ عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

Shares: