اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ نے انخلا اور ریسکیو آپریشن کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر دریائے ستلج سے ملحقہ دیہات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کے ہمراہ اٹاری کے مقام پر جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پانی میں گھرے کئی افراد کو کشتیوں کے ذریعے نکالا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال بھی موقع پر موجود تھے اور خود آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
محمد شجعین وسطرو نے ریسکیو اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور متاثرہ دیہات سے تمام لوگوں کے انخلا تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔