اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علاؤالدین اور لیگی رہنما راؤ محمد اجمل نے بھی شرکت کی۔
وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے تقریب میں کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں اور کہا کہ صوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کو کل 10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، جس پر مجموعی لاگت 10 ارب روپے بنتی ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں 679 اور ضلع اوکاڑہ میں 280 ہائی پاور گرین ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فارم میکانائزیشن کے لیے فیاضانہ وسائل فراہم کر رہی ہیں اور 10 ہزار مزید گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی پر فراہمی کے لیے درخواستیں جلد وصول کی جائیں گی۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ کسان کارڈ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے تحت اب تک 7 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 250 ارب روپے سے زائد بلا سود قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔
ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی تقسیم پر کسانوں و کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کو پنجاب کے زرعی شعبے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔








