اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور بزم غالب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام لاہور ہائی کورٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوکاڑہ کی دو نامور شخصیات سمیت پاکستان کی مختلف معروف علمی و ادبی شخصیات کو سرٹیفیکیٹس، ایوارڈ اور میڈلز سے نوازا گیا۔
یہ تقریب اوکاڑہ میں علم و ادب سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا۔ تقریب کے صدر، سابق ہیڈ آف اردو ڈیپارٹمنٹ، گورنمنٹ کالج لاہور پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید اور بانی چیئرمین بزم غالب، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان خالد نقاش نے اپنے دست مبارک سے اوکاڑہ کے معروف سینئر شاعر اور استاد، جنرل سیکرٹری انجمن ترقی پسند مصنفین پنجاب ڈاکٹر فضل احمد خسرو کو غالب ایوارڈ سے نوازا۔ جبکہ شاعر، صحافی اور کالم نگار، مرکزی صدر پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ احتشام جمیل شامی کو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔








