اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی/معرکہ حق کو قومی جذبے اور مکمل جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔ اس مقصد کے لیے شہر بھر میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جائے اور عمارات کی خوبصورت لائٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پبلک مقامات کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہری ایک خوشنما ماحول میں آزادی کا دن بھرپور انداز میں منا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں مرکزی تقریب کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں تاکہ معرکہ حق کی روح کو اجاگر کیا جا سکے۔

چوہدری عبدالجبار گجر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف انتظامی طور پر بلکہ عوامی شمولیت کے ذریعے بھی ان تقریبات کو کامیاب بنائیں، تاکہ وطن عزیز، اس کی افواج اور شہداء سے محبت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے اپنی اپنی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور اس بات کا عزم کیا کہ 14 اگست کو اوکاڑہ میں جشن آزادی/معرکہ حق ایک یادگار دن کے طور پر منایا جائے گا۔

Shares: