اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت انسداد سموگ مہم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سموگ کے تدارک کے لیے جاری اقدامات، فیلڈ آپریشنز اور قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم نے اجلاس کو سموگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے اسباب بننے والے عوامل کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔
اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، غیر معیاری ایندھن کے استعمال، صنعتی آلودگی، فصلوں کی باقیات جلانے اور بھٹہ خشت کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات دیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کریں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے سموگ کے سد باب کے لیے کاروائیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








