اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محتسب اعلیٰ پنجاب اوکاڑہ کے دفتر کی آئی ایس او سرٹیفیکیشن کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور ڈی ایس پی سید تقی شاہ سمیت سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، ایڈوائزر محتسب اعلیٰ شفیق احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال، لائزان آفیسر محمد سرفراز، میڈیا نمائندگان اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ تقریب میں ایڈوائزر شفیق احمد نے سرٹیفیکیشن پر مبارکباد دیتے ہوئے محتسب اعلیٰ پنجاب کا پیغام پڑھ کر سنایا اور ادارے کے اغراض و مقاصد اور ورکنگ سے آگاہ کیا۔
شرکا نے اس تاریخی کامیابی پر کیک بھی کاٹا۔ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ آئی ایس او سرٹیفکیٹ کا حصول ادارے کی اہم کامیابی ہے، عوام کو فیملی کیسز، بناولنٹ فنڈ، پنشن اور ریونیو کیسز میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایڈوائزر شفیق احمد نے بتایا کہ شکایات کے اندراج کے لیے آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم موجود ہے اور تمام متعلقہ محکموں کے روابط مثالی ہیں تاکہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ محتسب اعلیٰ پنجاب کی ان کاوشوں کو اجاگر کریں۔