اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اوکاڑہ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت خوراک کی تیاری میں ملوث یونٹس کا سراغ لگا کر بڑی مقدار میں ملاوٹ شدہ اشیاء تلف کر دیں۔
پہلی کارروائی 39/3-R میں واقع ایک یونٹ پر کی گئی، جہاں ملاوٹی دیسی گھی تیار کیا جا رہا تھا۔ ٹیم نے موقع سے 200 کلو ناقص مکھن، 100 کلو ملاوٹی دیسی گھی اور 100 کلو غیر معیاری کریم ضبط کرکے فوری طور پر تلف کر دی۔ چھاپے کے دوران فیکٹری میں موجود مشینری اور آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم کی دوسری کارروائی ایک مقامی سویٹس یونٹ پر کی گئی جہاں نمونوں میں ملاوٹ ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ ٹیم نے پروڈکشن کو معیار میں بہتری اور اصلاح تک فوری بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ:
"معیار سے انحراف کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔”
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ملاوٹ یا مشکوک خوراک کی تیاری سے متعلق کسی بھی اطلاع پر فوری طور پر PFA ہیلپ لائن 1223 سے رابطہ کریں۔








