اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سٹی ہسپتال اوکاڑہ میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جہاں بچوں کو موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے 17 نومبر سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ مہم کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے تمام بچوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ یہ خصوصی مہم 17 تا 29 نومبر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے خسرہ و روبیلا کے خلاف ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین بچوں میں قوتِ مدافعت بڑھاتی ہے اور انہیں متعدد خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم کا آغاز والدین کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے بچوں کو فوری ویکسینیشن کروا کر ان کی صحت و سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں۔








