اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) چیئرپرسن وزیراعلیٰ سرویلنس ڈائریکٹوریٹ پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین اور ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کمپلیکس اوکاڑہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ عمر طیب، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، تعلیم، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، ہائی وے اور دیگر صوبائی و وفاقی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حافظ عمر طیب نے اجلاس کو عوامی سہولت کے لیے پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب پروگرام، سالانہ ترقیاتی منصوبے اور وزیراعلیٰ کے پی آئیز (کارکردگی اشاریوں) پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو حکومت پنجاب کے اہم اقدامات جیسے "اپنی چھت اپنا گھر”، "کلینک ان وہیلز”، کسان کارڈ اور پلس پراجیکٹ کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختصر عرصے میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر نیک نیتی سے کام کریں اور حکومت کے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گڈ گورننس کے لیے افسران کو محنت اور دلجمعی سے کام کرنا ہوگا اور عوامی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ اجلاس میں تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وزیراعلیٰ کے اقدامات سے عوام کو مؤثر آگاہی فراہم کی جائے۔

Shares: