اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)رینالہ خورد میں اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ہیلتھ اور ریونیو فیلڈ اسٹاف کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مون سون بارشوں کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور ڈینگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔

اس موقع پر محکمہ ہیلتھ کے افسران نے ڈینگی مچھر کے خاتمے اور سرویلنس سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کے مقامات پر کڑی نگرانی کی جائے اور ہاٹ سپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں اور گاؤں کی سطح پر بھی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مانیٹر کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں ڈیش بورڈ پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کی جائیں۔

اے سی انعم علی خان نے کہا کہ گلیوں، بازاروں، گھروں کی چھتوں اور خالی پلاٹوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور متعلقہ محکمے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے متحرک رہیں۔

Shares: