اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) اوکاڑہ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دریائے راوی اور ستلج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ سلیمانکی کے علاقے میں 7 فلیڈ ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں جہاں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 12 سو کے قریب متاثرہ افراد کو ان کے مال مویشی سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
دریائے راوی کے مقام پر بھی دو فلیڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں محکمہ سول ڈیفنس اور پنجاب پولیس کے اہلکار متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بھارت کی طرف سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک پانی کا نیا ریلا چھوڑا گیا ہے جو آج کسی بھی وقت دریائے راوی اوکاڑہ سے گزرے گا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔