اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر شہر کی بیوٹیفکیشن مہم کے تحت محبوب عالم چوک میں جدید ’’پکسل ٹاور‘‘ نصب کر دیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان کی نگرانی میں اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پکسل ٹاور کی تنصیب کا مقصد شہری ماحول کو جدید طرز پر ہم آہنگ کرنا اور شہریوں کو ایک پُرکشش اور دلکش منظر فراہم کرنا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر علیزہ ریحان نے کہا کہ پکسل ٹاور جدید شہری ترقی کی علامت ہے جو شہر کی شناخت اور حسن میں اضافہ کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بیوٹیفکیشن مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر بھی اس نوعیت کے جدید ڈیزائنز اور ماڈلز نصب کیے جائیں گے۔ پکسل ٹاور میں نصب روشنیاں اور رنگین ڈیزائن رات کے وقت علاقے کو منفرد دلکشی بخشتے ہیں۔
شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے اور شہر کی خوبصورتی کے لیے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔








