اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر میں موسلادھار بارش نے حبس زدہ موسم کا خاتمہ کر دیا اور جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور گھٹن سے نجات ملی، جس پر عوام نے سکھ کا سانس لیا اور قدرت کے اس انعام پر شکر ادا کیا۔
بارش سے قبل شہر میں گزشتہ دو روز سے واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ جاری تھی، جس سے عوام شدید اذیت میں مبتلا تھے۔ حبس زدہ موسم اور بجلی کی بندش نے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کی حالت غیر کر دی تھی۔ تاہم جیسے ہی بارش کا آغاز ہوا، واپڈا نے بجلی بحال کر دی۔
عوامی حلقوں نے واپڈا کے اس رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برسات کے موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ بارش کے بعد اکثر موسم میں نمی بڑھ جاتی ہے اور حبس کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں بجلی کی بندش شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے تاکہ موسم کی شدت کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات میسر رہیں۔