اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)چیئرپرسن وزیراعلیٰ ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ پنجاب برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اوکاڑہ پہنچے، جہاں انہوں نے ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او محمد راشد ہدایت، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی نمائندگان اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، اور سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے تمام مسالک اور ضلعی امن کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ محرم کے دوران بھائی چارے، اتحاد اور امن کا پیغام عام کریں۔ چیئرپرسن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ سیکیورٹی پلان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون سے محرم الحرام پُرامن طریقے سے گزارا جا سکتا ہے۔

Shares: