اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی ہدایت پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ یکم محرم سے 10 محرم تک ضلع بھر میں کل 639 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں 56 مجالس اے کیٹگری، 228 بی کیٹگری اور 355 سی کیٹگری میں شامل ہیں، جبکہ 176 عزاداری جلوسوں میں 27 اے کیٹگری، 67 بی کیٹگری اور 82 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں۔
پولیس سیکیورٹی کے لیے 2200 سے زائد افسران و اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں 7 ڈی ایس پیز، 34 انسپکٹرز، 138 سب انسپکٹرز، 210 اے ایس آئی، 106 ہیڈ کانسٹیبل اور 1646 کانسٹیبل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 104 لیڈی پولیس اہلکار، سپیشل فورس، ریزرو فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔
ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر پکٹس قائم کر دی گئی ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ طیب سعید شہید پولیس لائنز میں ریزرو نفری موجود رہے گی۔ حساس مجالس و جلوسوں کے روٹس پر CCTV کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹر، واک تھرو گیٹس اور بائیو میٹرک کے ذریعے جامعہ تلاشی لی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرائی جائے گی، جبکہ علماء و ذاکرین کو نفرت انگیز تقاریر سے روکنے اور امن کمیٹی کو متحرک رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور قابل اعتراض وال چاکنگ، بینرز، اسلحہ کی نمائش و لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کسی بھی ہنگامی صورت یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 15 یا کنٹرول روم نمبر 9200363 پر دی جا سکتی ہے۔