اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد شہباز سکھیرا، اور ایس این اے افضال حسین شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی سہولت کے پیش نظر فیلڈ وزٹس کا تسلسل برقرار رکھیں تاکہ زمینی حقائق سے آگاہی ممکن ہو اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کی روشنی میں عوامی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے گڈ گورننس کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد عوامی ریلیف اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تمام افسران اپنے فرائض ایمانداری، جانفشانی اور بروقت کارکردگی کے ساتھ انجام دیں۔ اجلاس کے دوران ضلعی ترقیاتی منصوبوں، صفائی، صحت، تعلیم اور انفورسمنٹ سے متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

Shares: