اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو کو مجموعی طور پر 4197 کالز موصول ہوئیں، جن میں 899 ایمرجنسی کالز شامل تھیں۔
ایمرجنسیز میں 261 روڈ ٹریفک حادثات، 539 میڈیکل کیسز، 10 آگ لگنے کے واقعات، 24 کرائم اور 65 متفرق نوعیت کے حادثات شامل تھے۔ ان ایمرجنسیز میں مجموعی طور پر 954 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 408 کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 512 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ افسوسناک طور پر 34 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تحصیل وار تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں 628 ایمرجنسیز کے دوران 651 افراد کو سروس فراہم کی گئی، جن میں 140 روڈ حادثات، 417 میڈیکل، 4 آگ، 17 کرائم اور 50 دیگر واقعات شامل تھے۔
تحصیل دیپالپور میں 190 ایمرجنسیز میں 202 افراد متاثر ہوئے، جن میں 73 ٹریفک حادثات، 95 میڈیکل، 4 آگ، 7 کرائم اور 11 متفرق واقعات رپورٹ ہوئے۔
تحصیل رینالہ خورد میں 81 ایمرجنسیز کے دوران 101 افراد کو سروس فراہم کی گئی، جن میں 48 روڈ حادثات، 27 میڈیکل، 2 آگ اور 4 دیگر حادثات شامل تھے۔
پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت ضلع بھر میں 34 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے منتقل کیا گیا، جن میں سے 19 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ جبکہ 15 کو دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ عملے کی نگرانی میں منتقل کیا گیا۔
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ضلع بھر کے تفریحی مقامات جیسے کہ پاک-انڈو بارڈر، ہیڈ سلیمانکی پارک، پیپلی پہاڑ فاریسٹ پارک اور دریاؤں و نہروں پر بھی ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے، جس کی بدولت کوئی بھی ڈوبنے کا واقعہ پیش نہ آیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو ٹیموں کی بروقت اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔