اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں پیٹرولنگ پولیس نے اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 30 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کرا دیا جبکہ ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔

پیٹرولنگ پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس پی پیٹرولنگ لاہور ریجن فتح احمد کی خصوصی ہدایت پر شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس مہم کے دوران پیٹرولنگ پولیس نے مختلف شاہراہوں پر گشت کے دوران اوور لوڈنگ کی مرتکب 30 گاڑیوں کو موقع پر ہی تحویل میں لے کر مختلف تھانوں میں بند کرایا، اور مروجہ قوانین کے تحت ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اوور لوڈنگ نہ صرف ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سڑکوں پر خطرناک حادثات کا بھی بڑا سبب بنتی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ عوام، خصوصاً گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اوور لوڈنگ سے اجتناب کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

پیٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: