اوکاڑہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار ملک ظفر سے)ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی جسمانی فٹنس کو جانچنے کے لیے فزیکل ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ یہ ٹیسٹ سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز) کی ہدایات کے تحت، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی نگرانی میں ضلع بھر کے ریسکیو اسٹیشنز پر منعقد کیا گیا۔
فزیکل فٹنس ٹیسٹ میں ایک میل دوڑ کے ساتھ مختلف جسمانی ورزشیں شامل تھیں۔ اس موقع پر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے کہا کہ فزیکل فٹنس اور پروفیشنل نالج کے ٹیسٹ کا مقصد ریسکیو اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اچھی جسمانی فٹنس ریسکیورز کو کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر مدد فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی سروس میں فرائض کی انجام دہی کے لیے جسمانی فٹنس کا کلیدی کردار ہے، اس لیے تمام عملے کو اپنی فٹنس کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایمرجنسی کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو بہترین سروس فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ اقدام ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔