اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے علاقے جبوکہ روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان علاقے میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) مہر محمد یوسف کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت صدی مراثی اور علی شیر وٹو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ صدی مراثی پر ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، نقب زنی سمیت 32 سنگین مقدمات درج تھے جبکہ علی شیر وٹو کے خلاف ڈکیتی، گاڑی چوری اور نقب زنی سمیت 72 مقدمات زیرِ تفتیش تھے۔

واقعے کے بعد سی سی ڈی پر حملہ، مزاحمت، قتل اور اسلحہ برآمدگی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے دو پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

ریجنل آفیسر سی سی ڈی ساہیوال ریجن ساجد کھوکھر اور ڈی او اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوام نے خطرناک ڈاکوؤں کی ہلاکت پر سکھ کا سانس لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

Shares: