اوکاڑہ میں انسداد پولیو مہم کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگارملک ظفر): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا ہے کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں 6 لاکھ 52 ہزار 255 پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز، رضاکاروں اور فیلڈ ورکرز کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلث نے بتایا کہ اس مہم میں 66 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 2716 پولیو ٹیمیں کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پولیو کے خاتمے کے لیے عوام میں آگاہی پھیلانا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں اس بیماری سے بچانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

Leave a reply