اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) پروبیشن آفیسر ضلع اوکاڑہ خاور وحید کی زیر نگرانی ای لائبریری اوکاڑہ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد معاشرتی اصلاح اور پروبیشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے شعور اجاگر کرنا تھا۔
محمد شفیق، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ، نے ووٹر ایجوکیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہری الیکشن کے دن ووٹ ڈال کر اپنے قومی فریضے کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ انہوں نے خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے پر زور دیتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
میڈم انساءاکرم، کلینیکل سائیکالوجسٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، نے پروبیشنرز کے ذہنی صحت کے مسائل اور غصہ کنٹرول کرنے کی تکنیکوں پر جامع گفتگو کی۔
پروبیشن آفیسر خاور وحید نے سیمینار کے اختتام پر کہا کہ پروبیشنرز کی اصلاح اور معاشرے کی بہتری کے لیے ایسے پروگرامز کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ ایک پرامن اور بہتر سماج تشکیل دیا جا سکے۔