اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت محکمہ صحت و آبادی پر مشتمل رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے متعلقہ محکموں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت و آبادی کے تمام ضلعی افسران، کوآرڈینیشن کمیٹی کے اسٹیک ہولڈرز، پولیس، سپیشل برانچ اور محکمہ اوقاف کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت نے اجلاس کے صدر و شرکاء کو محکمہ کی ماہانہ کارکردگی، جاری پروگراموں اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے جولائی 2025 سے شروع ہونے والی اے ڈی پی اسکیم "خاندانی منصوبہ بندی کو پروان چڑھانے کے لیے معاشرتی رائے عامہ کا فروغ” پر روشنی ڈالی۔ اس منصوبے کے تحت رجسٹرڈ علمائے کرام، آئمہ مساجد، خطباء اور بااثر سماجی شخصیات کو شامل کرکے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کی جائے گی، اور تولیدی صحت کے متعلق مثبت رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ اس منصوبے کی شفافیت اور مؤثر نتائج کے لیے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور خطبا کا انتخاب نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی یا مذہبی رہنما کسی بھی معاشرے میں مثبت رویوں اور قابلِ قبول اقدامات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام، آئمہ، خطباء اور بااثر افراد اپنی سماجی حیثیت، رسوخ اور فکری قیادت کو بروئے کار لاکر معاشرے میں خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں شعور اجاگر کریں تاکہ صحت مند معاشرہ، معیاری تعلیم اور معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں تمام شرکاء نے تجاویز و آراء پیش کیں اور پائیدار سماجی ترقی کیلئے کمیونٹی کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔ اجلاس کے اختتام پر آئندہ کی عملی حکمتِ عملی مرتب کرنے کیلئے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔