اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب محمد خان رانجھا نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ ادارہ گنج شکر اسپیشل ایجوکیشن اوکاڑہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ادارے کے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری نے اساتذہ سے خصوصی بچوں کی تعلیمی کارکردگی، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
محمد خان رانجھا نے خصوصی بچوں سے براہِ راست نصابی سوالات کیے اور کمپیوٹر لیب کا دورہ کر کے بچوں کی مہارت کا مشاہدہ کیا۔ وہ بچوں میں گھل مل گئے اور ان کے کھیل میں بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خصوصی افراد کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ خصوصی بچے صلاحیتوں میں کسی طور عام بچوں سے کم نہیں، انہیں خصوصی توجہ اور نگہداشت کے ذریعے معاشرے کا فعال اور کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ صوبائی سیکرٹری نے ادارہ گنج شکر اسپیشل ایجوکیشن میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور بچوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔