اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، سی او ایم سی عمر نسیم، سی او ضلع کونسل رانا نوید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے 11 منصوبوں اور جاری 7 منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں انفراسٹرکچر، مشینری، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سیوریج سسٹم، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، سولرائزیشن اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہیں۔
کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کو مکمل منصوبوں کی چیکنگ کا ٹاسک سونپا۔ بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ ایم او آئی طلعت حسین اور ایم ڈی واسا نے منصوبے پر کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ منصوبے عوامی سہولت کے آئینہ دار ہونے چاہییں۔