اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے جناح اسٹیڈیم میں مسیحی برادری کی جانب سے ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پنجاب بھر سے مسیحی برادری کے سینکڑوں افراد اور بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر پاسٹر شاہد، سردار پاسٹر طارق، پاسٹر سجاد انور، پاسٹر رفیق بٹ، ڈاکٹر پطرس آصف اور سلمان گل بھی موجود تھے۔ پاسٹر سجاد انور اور پاسٹر طارق نے مسیحی برادری کے لیے اجتماعی دعا کروائی، جس پر شرکاء نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اکثریت اور اقلیت میں کوئی فرق نہیں رکھتیں۔ انہوں نے منیارٹی کارڈز کی تقسیم کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے 75 ہزار خاندانوں کو ہر تین ماہ بعد 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ آخر میں، رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔







